قاسم سوری

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائیگی

اسلام آباد(عکس آن لائن)ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے تحریک ناکام بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، تحریک انصاف اور اتحادی، عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کے دوران ایوان میں نہیں ہوں گے۔اپوزیشن کو تحریک کی کامیابی کے لیے172اراکین خود پورا کرنے ہوں گے،

اپوزیشن اراکین کی تعداد اس وقت 163ہے جبکہ 3 آزاد اراکین بھی شامل ہیں۔ مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں تحریک مسترد کردی جائے گی اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ووٹنگ سے قبل تحریک تکنیکی بنیادوں پر بھی مسترد ہوسکتی ہے، تحریک پر ایک رکن قومی اسمبلی کے دستخط مشکوک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر ووٹنگ سے قبل اس معاملے پر رولنگ بھی دے سکتے ہیں۔خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن کے قائدین کی بیٹھک میں اسد قیصر کے خلاف تحریک لانے کا فیصلہ ہوا۔اسپیکر پر عدم اعتماد کے لیے متحدہ اپوزیشن نے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں اپوزیشن کی کمیٹی کے ارکان کے ناموں پر مشاورت جاری ہے، کمیٹی کو تحریک عدم اعتماد کے لیے ٹاسک دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں