کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں ڈراموں میں خاتون کو روتا دھوتا اور کمزور دکھانا پسند کیا جاتا ہے اس میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویو میں ثانیہ سعید نے کہا کہ ہمارے بیشتر ڈراموں میں خاتون کو روتا دھوتا اور کمزور دکھانا پسند کیا جاتا ہے جو اپنے حق کے لیے کھڑی نہیں ہوتی۔ ڈراموں میں اپنا کاروبار چلانے والی، ملازمت کرنے والی یا ایسی خواتین کی جگہ نہیں ہے جو مردوں پر انحصار نہ کریں۔
یہ سوچ معاشرے کے اس طبقے کی عکاسی کرتی ہے جو عورت کو برابری کا درجہ نہیں دیتا اور نہ ہی دینا چاہتا ہے۔ ثانیہ کہتی ہیں کہ ایسا نہیں ہے کہ اچھے ڈرامے بالکل ہی نہیں بن رہے۔ کچھ اچھا کام ہو رہا ہے لیکن مسئلہ توازن کا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں شروع ہی سے ہر قسم کے کردار کررہی ہوں لیکن یہ سوچ کہ مرد کے مقابلے میں عورت جلدی بوڑھی ہوجاتی ہے پریشان کن ہے۔