کراچی (عکس آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر سارہ گل نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے مظلوم طبقے کی عزت میں اضافہ کیا ہے، خواجہ سراﺅں کو ان کا حق دینے کے لئے نہ صرف بلدیاتی قانون میں ہر یوسی میں ان کی ایک نشست مخصوص کی گئی ہے بلکہ سرکاری ملازمتوں میں خواجہ سراﺅ ں کے لئے نصف فیصد کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر سارہ گل سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سعید غنی نے سارہ گل کو پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر بننے پر مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور مظلوم طبقے کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا اس معاشرے کا حصہ ہیں لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرہ ان کو وہ عزت و مقام نہیں دے سکا جس کے وہ حقدار ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ڈاکٹر سارہ گل کی ہمت اور حوصلے نے معاشرے میں خواجہ سراﺅ ں کے آگے بڑھنے کے راستے کھول دیئے ہیں۔