لاہور(عکس آن لائن) بین الاقوامی نرسز ڈے کے موقع پر صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے شعبہ صحت سے منسلک افراد میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف بالخصوص نرسز کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس جیسے موذی مرض کا سامنا ہے جو کہ ایک ان دیکھا دشمن بن کر ابھر رہا ہے اور تمام دنیا میں ایک خوف کی علامت بنتا جا رہا ہے مگر دوسری طرف شعبہ صحت سے منسلک افراد جن میں بالخصوص نرسز جو کہ ہر وقت ایسے مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مصروف عمل ہیں،آج کے دن کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہوگا کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد اپنے گھروں میں زیادہ وقت گزار رہی ہے مگر نرسز جنکا اپنا بھی ایک خاندان ہے وہ اپنے فرض کے آگے سب کچھ قربان کر رہی ہیں،یقینی طور پر ایسا جذبہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کیلئے ان کو بروقت دوا مہیا کرنے کیلئے، بیماری کے علاج میں ڈاکٹر کی معاونت کیلئے جو اسٹاف کام کرتا ہے، اس میں سب سے اہم نرس اسٹاف ہے کیونکہ عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ڈاکٹر اپنے مریض کیساتھ بوجہ مصروفیت کم وقت گذارتا ہے جبکہ نرس مریض کیساتھ زیادہ وقت کیلئے منسلک رہنے والا اسٹاف ہے۔ مریض دوا کیساتھ حوصلہ اور ہمت کا متلاشی ہوتا ہے جو کہ اس کی صحت یابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور یہ ایک پیشہ ور خوش اخلاق نرس سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا۔
صوبائی وزیرنے مزید کہاکہ موجودہ حالات میں جب دنیا کورونا وبا کے ساتھ اپنے دفاع اور بقا کی جنگ لڑ رہی ہے ان حالات میں دنیا بھر کا طبی عملہ صف اول کے سپاہیوں کی حیثیت اور مقام رکھتا ہے،ڈاکٹر،نرسز،پیرا میڈیکل سب اپنی اپنی جگہ اہم ہیں اور اس موقع پر نرسنگ کے شعبے کو امر بنانے والی فلورنس نائیٹنگیل کو بھی سلام پیش کرنا ہوگا جنکی بدولت ہم آج کے دن کو بین الاقوامی دن کے طور پر منا رہے ہیں۔