اقوام متحدہ (عکس آن لائن) اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گنگ شوانگ نے یوکرین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا کہ دوسرے علاقوں پر بحران کے اثرات کو کنٹرول کرنا یوکرین پر بین الاقوامی تعاون کی توجہ کا مرکز ہونا چاہئے-جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق گنگ شوانگ نے کہا کہ چین بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے زرعی مصنوعات کی برآمدات کے معاہدے میں توسیع کے حوالے سے متعلقہ فریقوں کی طرف سے طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کا بھی خیرمقدم کرتا ہے کہ وہ روس کی اناج اور کھاد کی برآمدات میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔چین کو امید ہے کہ یہ مثبت پیش رفت بیرونی دنیا کے سامنے تنازعات کے حالات میں سفارتی کوششوں کی کامیابیوں اور صلاحیتوں کا اظہار ہے ۔
گنگ شوانگ نے نشاندہی کی کہ بین الاقوامی برادری کو یوکرینی بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے، تنازعات میں اضافے سے بچنے، جوہری بحران کو روکنے، عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنانے اور بحرانی علاقوں میں انسانی حالات کو بہتر بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ چین یوکرینی بحران کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔