بیجنگ (عکس آن لائن) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا کہ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فنگ سوئس حکومت کی دعوت پر 9 سے 12 مئی تک سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے اور سوئس رہنماؤں اور متعلقہ شخصیات سے بات چیت کریں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں قیام کے دوران حہ لی فنگ چین امریکہ اقتصادی اور تجارتی معاملات کے چینی رہنما کی حیثیت سے امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ سے بات چیت کریں گے۔ 12 سے 16 مئی تک حہ لی فنگ فرانس جائیں گے جہاں وہ فرانس کے ساتھ دسویں چین فرانس اعلیٰ سطحی اقتصادی اور مالیاتی ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
اسی روز چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے چین امریکا اقتصادی اور تجارتی بات چیت کے حوالے سے کہا کہ حال ہی میں امریکا نے مختلف چینلز کے ذریعے چین کو معلومات پہنچانے کی پہل کی اور چین کے ساتھ محصولات سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ چین نے امریکی معلومات کا بغور جائزہ لیا۔ عالمی توقعات، چین کے مفادات اور امریکی صنعت اور صارفین کی اپیل کا مکمل خیال رکھنے کے بعد، چین نے امریکا کے ساتھ بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا.
چین کے نائب وزیر اعظم حہ لی فنگ سوئٹزرلینڈ کے اپنے دورے کے دوران امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ سے بات چیت کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انصاف اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام کے تحفظ کے حوالے سے چین کا موقف مستقل ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ چین اپنے اصولی موقف اور بین الاقوامی انصاف کی قیمت پر کوئی بھی معاہدہ طے نہیں کرےگا۔
اگر امریکہ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنے غلط طرز عمل کو درست کرنا ہوگا اور فریقین کے خدشات کو مساوی بنیادوں پر مشاورت کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ تسکین سے امن نہیں آتا اور رعایت کا احترام نہیں کیا جاتا۔ چین یکطرفہ تحفظ پسندی اور تسلط پسندانہ غنڈہ گردی کے خلاف کام کرنے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔