اسلام آبا د (عکس آن لائن) چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے ٹیلی فون پر اپنے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سے بات چیت کی ہے ۔ جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق لی کھہ چھیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ چین کی سفارتکاری میں ترجیح دیتا رہا ہے اور ملک کی خودمختاری، اقتدار اعلیٰ، علاقائی سالمیت اور قانونی حقوق کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کرتا رہےگا۔چین پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے قریبی رابطوں کو برقرار رکھتے ہوئے اہم شعبوں میں ٹھوس تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔لی کھہ چھیانگ کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی معاشی صورتحال پیچیدہ ہے اوراس میں بلند افراطِ زر، کم ترقی اور زیادہ قرضے نمایاں عوامل ہیں۔ چین معاشی ترقی اور عوام کے معیار زندگی کی بہتری کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کرےگا اور امید کی جاتی ہے کہ پاکستان اپنے ہاں مقیم چینی اداروں اور افراد کی سلامتی کو یقینی بنائےگا۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب پر قابو پانے کے حوالے سے چین کی امداد و حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ثابت قدمی کےساتھ ایک چین کے اصول پر قائم رہےگا اور چین کے مرکزی مفادات کے تمام معاملات میں چین کی حمایت کرتا رہےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور پاک چین تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچانے کا خواہاں ہے۔