بیجنگ(عکس آن لائن)چین نے حالیہ دنوں میں تائیوان سے کشیدہ معاملات کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ تائیوان کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار امریکا ہے، امریکی فضائی بحری بیڑہ چند روز قبل تائیوان کے قریب مشقوں میں مصروف تھا جب کہ گزشتہ روز امریکی جنگی بحری جہاز متنازع علاقے ‘تائیوان اسٹریٹ’ سے گزرا تھا لہذا کیا چین کو بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے خلیج میکسیکو میں جنگی جہاز بھیجنا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی جہاز اشتعال انگیزی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے معاملات نے نہ صرف غلط رخ اختیار کیا بلکہ تائیوان کے متنازع علاقے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔چین کی حکومت کو خدشہ ہے کہ تائیوان کی منتخب جمہوری حکومت باقاعدہ طور پر آزادی کے اعلان کی طرف بڑھ رہی ہے، اس کے علاوہ چین کئی مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ تائیوان اس کے لیے انتہائی حساس اور اہم ترین معاملہ ہے تاہم تائیوان کی صدر متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ تائیوان ایک ا?زاد ملک ہے جس کا نام رپبلک آف چائنہ ہے۔