وزیر اعظم

چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے فکر مند ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے فکر مند ہیں، طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے، دفتر خارجہ اور فارن مشن ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی۔

مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سیکریٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور چینی جامعات میں پاکستانی طلبا کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی گئی۔چینی شہر ووہان میں موجود پاکستانیوں کو خوراک اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیر اعظم کو مکمل صورتحال سے آگاہ کر دیا۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے چینی حکومت سے مل کر کام کر رہے ہیں، یقین ہے چین کرونا وائرس کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ لے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے فکر مند ہیں، طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

وزیر اعظم نے وزارت اوور سیز کی جانب سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو چینی سفیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں