بیجنگ (عکس آن لائن)
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے یومیہ میڈیا بریفنگ میں چین۔یورپی یونین رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال مزید ہنگامہ خیز ہوتی جا رہی ہے اور غیر یقینی نمایاں طور پر بڑھ رہی ہے، چین ایک پرامن آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ترجمان نے جمعہ کے روز کہا کہ دو بڑی عالمی قوتوں کے طور پر، چین اور یورپی یونین سٹریٹجک مواصلات کو برقرار رکھتے ہوئے سٹریٹجک باہمی اعتماد کو فروغ دے رہے ہیں اور تعاون پر مبنی اتفاق رائے کو وسعت دے رہے ہیں، جس سے چین۔یورپی یونین تعلقات کی پائیدار اور صحت مند ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور بین الاقوامی صورتحال میں استحکام اور مثبت توانائی میسر آئے گی ۔
چین۔یورپی یونین رہنماؤں کی ملاقات نہایت اہمیت کی حامل ہے جس پر وسیع توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یورپی یونین اور چین کی مشترکہ کوششوں سے اجلاس کے ہموار اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ترجمان نے یوکرین کے حوالے سے کہا کہ چین ایک پرامن آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کشیدگی میں کمی ، امن مذاکرات کو فروغ دینے اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے اپنے طریقے سے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
علاوہ ازیں تمام ممالک کو اپنی خارجہ پالیسیوں کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے، کسی بھی ملک کو جانبداری کے لیے مجبور نہیں کرنا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ سرد جنگ کی ذہنیت کو ترک کرنا چاہیے ۔ چین اور ترقی پذیر ممالک سمیت کئی ممالک اس معاملے پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔