نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم

چین اور سعودی عرب کے سرمایہ کارنیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت پنجاب میں 50ہزار گھروںکی تعمیر کرینگے

لاہور(عکس آن لائن)چین اور سعودی عرب کے سرمایہ کارنیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت پنجاب میں 50ہزار گھروںکی تعمیر کریں گے جس کےلئے ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے ۔

اس سلسلہ میں چین اورسعودی سرمایہ کاروں نے لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کیمیکل امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز کے چیئرمین راﺅ خورشیدعلی خان کے ہمراہ صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاںمحمودالرشید سمیت دیگر سے ملاقات کی ۔ چین اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ میاںمحمود الرشید نے منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے پر اظہار تشکرکرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے بہترین مواقع موجود ہیں ، نہ صرف مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی بلکہ غیر ملکی بھی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو بتایا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے مطابق بے گھر افراد کو اپنی چھت مہیا کی جائے گی ۔

راﺅ خورشید علی خان نے بتایا کہ پیاف کے وائس چیئرمین ناصر حمید خان کی انتھک کاوشوں سے دونوں ممالک کے سرمایہ کارنیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے میں سرمایہ کار ی پر راغب ہوئے ہیں اور اس طرح کی مثبت کوششیں مستقبل میںبھی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت سے کئی صنعتیں ترقی کریں گی جس سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں