بیجنگ (عکس آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر چین میں موجود سری لنکا کے وزیر اعظم گناوردھنے سے ملاقات کی۔بدھ کے روز
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور سری لنکا کے تعلقات کو استحکام اور ترقی دینا دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات اور مشترکہ توقعات کے عین مطابق ہے۔ چین سری لنکا کی بھرپور حمایت کرتا ہے کہ وہ قومی خودمختاری، آزادی اور قومی وقار کا تحفظ کرے اور اپنے قومی حالات کے مطابق جدیدکاری کا راستہ تلاش کرے۔ صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اپنی صلاحیت کے مطابق سری لنکا کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین سری لنکا کی خصوصیات کے حامل اعلی معیار کی مصنوعات کی درآمدات کو بڑھانے اور چینی کاروباری اداروں کو سری لنکا میں سرمایہ کاری میں حوصلہ افزائی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور امید ہے کہ سری لنکا چینی کاروباری اداروں کو اپنے ملک میں منصفانہ اور شفاف کاروباری ماحول فراہم کرے گا.
شی جن پھنگ نے کہا کہ فریقین کو پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کو مزید فروغ دیتے ہوئے چین اور سری لنکا کے مشترکہ مفادات اور بین الاقوامی انصاف کا تحفظ کرنا چاہیے اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینا چاہیے۔
گونا وردھنے نے کہا کہ سری لنکا واضح طور پر ایک چین کے اصول کی پاسداری کرتا ہے اور چین کے ساتھ دوستی اور تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور ہمیشہ اپنے خارجہ امور میں چین ترجیح دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں چین کا سری لنکا کا ساتھ دینا اور بر وقت مدد کرنا بھلایا نہیں جا سکتا۔ سری لنکا کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا ملک پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کو فروغ دینے، سری لنکا اور چین کے دوستانہ تعلقات کو گہرا کرنے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے اور ایشیا اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔