چینی صدر

چین اور بحرین کے ما بین جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان

بیجنگ (عکس آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نےبیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں بحرین کے شاہ شیخ حماد بن عیسی الخلیفہ سے بات چیت کی جو چین کے سرکاری دورے اور چین عرب ممالک تعاون فورم کی 10 ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین آئے ہیں۔ دونوں سربراہان مملکت نے چین بحرین جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان کیا۔

شی جن پھنگ نے نشاندھی کی کہ رواں سال چین بحرین سفارتی تعلقات کے قیام کی 35 ویں سالگرہ ہے اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے پر اتفاق کیا جو چین بحرین تعلقات کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔ چین آزادانہ ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں بحرین کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور توانائی، سرمایہ کاری، نقل و حمل، نئی توانائی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں بحرین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں مزید کامیابیوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ چین بحرین سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ چین جی سی سی تعلقات میں زیادہ سے زیادہ پیش رفت حاصل کی جا سکے ، دوسرے چین-عرب ممالک سربراہی اجلاس کا اہتمام کیا جائے اور چین عرب ممالک کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں تیزی لائی جاسکے۔

شیخ حماد بن عیسی الخلیفہ نے کہا کہ چین نے بحرین کی قومی تعمیر کے لئے بہت حمایت فراہم کی ہے ، جس کے لئے بحرین تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ بحرین کو یقین ہے کہ چین یقیناً اپنی قوم کے عظیم نشاۃ ثانیہ کی تکمیل کرےگا اور عالمی امن اور خوشحالی میں مزید زیادہ خدمات سرانجام دےگا۔ بحرین ایک چین کے اصول پر کاربند ہے اور چین کی پرامن وحدت کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین جی سی سی اور چین کے آزاد تجارتی معاہدے کی جلد تکمیل کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ نئے دور کے لئے چین عرب ممالک کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل دی جا سکے۔

بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے سرمایہ کاری، سبز اور کم کاربن، ای کامرس اور ڈیجیٹل اکانومی کے شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ فریقین نے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے لئے عوامی جمہوریہ چین اور مملکت بحرین کا مشترکہ بیان جاری کیا۔