بیجنگ (عکس آن لائن) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے بتایا ہے کہ چین کے صدر شی جن پھنگ نے افریقی یونین کے موجودہ چیئرمین اور سینیگال کے صدر میکی سال کے ساتھ تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا، جن میں افریقی یونین کے قیام کی بیسویں سالگرہ اور چین اورافریقی یونین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی بیسویں سالگرہ کا جشن منایا گیا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق انہوں نے کہا کہ چین -افریقہ کے تعلقات کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس نوعیت کے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا گیاہے ۔ اس سے نہ صرف چین اور افریقہ کے درمیان قابلِ قدرروایتی دوستی کا اظہار ہوتا ہے، بلکہ فریقین کے درمیان یکجہتی ، تعاون اور نئے عہد میں چین-افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے کے پختہ عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
گزشتہ 20 سالوں میں افریقی یونین نے افریقی ممالک کو آگے بڑھایا ہے اور مختلف شعبوں میں افریقہ کی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔چین اس پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہے اور اسے بے حد قابلِ تعریف سمجھتا ہے۔
چین، افریقی یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے، افریقی یونین کو چین-افریقہ دوستانہ تعاون اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور افریقی اور بین الاقوامی معاملات میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے میں افریقی یونین کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔