چینی

چینی کی قلت اور قیمت کا بحران ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھانے لگا،ایک ماہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 13روپے اضافہ ریکارڈ

کراچی(عکس آن لائن)چینی کی قلت اور قیمت کا بحران ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھانے لگا، ایک ماہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 13روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سال 2021 کا پہلا ہفتہ بھی مہنگائی کے ستائے عوام پر بھاری رہا۔ درآمد اور کرشنگ سیزن کے باوجود چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، چینی کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پرچون میں چینی کی 95 روپے کلو میں فروخت جاری ہے، ہول سیل میں قیمت 89 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں سیالکوٹ میں چینی سب سے زیادہ 13 روپے کلو مہنگی ہوئی۔ راولپنڈی، پشاور سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو تک ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملتان میں چینی 93 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔ لاہور، کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، کوئٹہ,خضدار، بہاولپور میں چینی کی قیمت 90 روپے فی کلو تک ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا میں چینی 90 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔ بنوں میں چینی 86 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں