بیجنگ (عکس آن لائن) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے اعلان کیا کہ چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ 5 سے 6 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران چین-پاکستان- افغانستان کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات ہوں گے۔جمعرات کے روز ترجمان نے کہا کہ یہ چھن گانگ کی جانب سے پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا جو حالیہ عرصے میں چین اور پاکستان کے سربراہان کے درمیان قریبی روابط کا ایک اہم حصہ ہے۔ دورے کے دوران چھن گانگ پاکستانی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ چین-پاک وزرائے خارجہ کے چوتھے مذاکرات کی میزبانی کریں گے جس میں فریقین کے تعلقات اور عالمی و علاقائی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں افغان عوام مشکل ترین دور سے گزرے ہیں تاہم انہیں بدستور سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے اور بیرونی جانب سے مزید حمایت اور امداد کی ضرورت ہے۔ چین کو امید ہے کہ چین-پاکستان-افغانستان وزرائے خارجہ کے مذاکرات کے ذریعے افغانستان کی صورتحال اور تینوں فریقوں کے تعاون کے حوالے سے افغانستان اور پاکستان سے تبادلہ خیال کیا جائے گا، اتفاق رائے کو فروغ ملے گا اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ تینوں فریق ایک ساتھ مل کر خطے کے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کو فروغ دے سکیں۔