وائٹ ہاؤس

چینی وزارت تجارت کا امریکہ کی جانب سے چین پر اضافی محصولات عائد کرنے کے ردعمل میں قانونی چارہ جوئی کا اعلان

بیجنگ (عکس آن لائن) امریکی وائٹ ہاؤس نے ایک فہرست جاری کی، جس میں چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر فینٹینیل جیسے مسائل کے بہانے 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ چین نے اس پر شدید عدم اطمینان اور مخالفت کا اظہار کیا ۔

چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے اس اعلان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی یکطرفہ ٹیرف عائد کرنے کی کارروائی عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو نہ صرف اپنے مسائل کو حل کرنے میں بے سود ہے بلکہ چین اور امریکہ کے درمیان معمول کے تجارتی تعاون کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

چین امریکہ کی غلط کارروائیوں کے خلاف عالمی تجارتی تنظیم میں مقدمہ دائر کرے گا اور اپنے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب جوابی اقدامات اٹھائے گا۔ چین امید کرتا ہے کہ امریکہ ہر بار ٹیرف کی آڑ میں دوسرے ممالک کو دھمکانے کے بجائے اپنے فینٹینیل جیسے مسائل کو معروضی اور معقول انداز میں دیکھے گا اور ان کو حل کرے گا ۔

چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنی غلط کارروائیوں کو درست کرے اور چین کے ساتھ مل کر مسائل سے نمٹے ، یکساں مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر، کھلی بات چیت کرے، تعاون کو مضبوط بنائے اور اختلافات پر قابو پائے.