چین

چینی فوج نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے اب تک 50 ہزار سے زائد اہلکار بھیجے ہیں، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ (عکس آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو نینگ نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں چین کی شرکت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین نے 1990 میں اقوام متحدہ میں فوجی مبصرین بھیجے جس سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں چین کی شرکت کا آغاز کیا گیا ۔ 1992 میں چینی فوجیوں نے پہلی بار اقوام متحدہ کے امن مشنز میں حصہ لیا ۔

گزشتہ 30 برسوں کے دوران چین کی مسلح افواج نے 20 سے زائد ممالک اور خطوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں حصہ لینے کے لیے 50 ہزار سے زائد افسران اور سپاہیوں کو بھیجا ہے اور اس دوران 27 افراد نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ اس وقت چین اقوام متحدہ میں امن مشنز میں فنڈز دینے والا دوسرا سب سے بڑا ملک اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والا ملک ہے، جس میں 2200 سے زائد چینی افسران اور سپاہی یو این کے امن مشنز کے آٹھ علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو عالمی امن برقرار رکھنے اور مشترکہ ترقی کی کلیدی قوت ہے ۔

ماؤ نینگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال پیچیدہ اور سنگین ہے اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کا کردار اور اہمیت مزید اجاگرہوئی ہے۔ چین اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اثر اور کارکردگی کو بڑھانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں مزید کردار ادا کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں