بیجنگ (عکس آن لائن) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو نے چینی تہذیب سے متعلق تحقیق کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک مطالعاتی سیشن کا انعقاد کیا۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے سیشن کی صدارت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چینی تہذیب کی ایک طویل تاریخ ہے جو انتہائی وسیع اور گہری ہے۔ یہ چینی قوم کی منفرد شناخت، عصری چینی ثقافت کی بنیاد اور چینی ثقافتی اختراع کا خزانہ ہے۔
چینی تہذیب کی 5,000 سال سے زائد کی ترقیاتی تاریخ کو گہرائی سے سمجھنا ضروری ہے۔اس ضمن میں چینی تہذیب کی تاریخ پر گہری تحقیق کے لیے رہنمائی، تاریخی شعور کے فروغ اور ثقافت کی مضبوطی کے لیے پوری جماعت اور پورے معاشرے کا کردار لازم ہے۔ خود اعتمادی اور غیر متزلزل طور پر چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی راہ پر آگے بڑھا جائے تاکہ سوشلسٹ جدیدیت کو ہمہ گیر طور پر فروغ دیا جا سکے۔شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چینی تہذیب قدیم زمانے سے ہی اپنی کشادگی اور جامعیت کے لیے مشہور ہے اور یہ دوسری تہذیبوں کے ساتھ تبادلے اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے مسلسل نئی قوت پیدا کر رہی ہے۔
مساوات، باہمی ہم آہنگی، مکالمے اور رواداری کو فروغ دینے کے تہذیبی تصور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے وسیع ذہن کے ساتھ مختلف تہذیبوں کے بارے میں اپنی تفہیم کو گہرا کیا جائے اور لوگوں کے اپنے منتخب کردہ ترقی کے راستوں کا احترام ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی تہذیب تمام بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار کو فروغ دیتی ہے، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کو فروغ دے رہی ہے۔