بیجنگ (عکس آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ نے ایران کے نائب صدر محمد مخبر کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ پیر کے روز چینی حکومت اور چینی عوام کی جانب سے شی جن پھنگ نے نائب صدر محمد مخبر سے ، صدر رئیسی کے رشتہ داروں اور ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صدر رئیسی نے ایران کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور قومی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا اور چین ایران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم اور گہرا کرنے کے لئے بھی مثبت کوششیں کیں۔صدر شی نے کہا کہ ایرانی صدر کی المناک موت ایرانی عوام کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے اور چینی عوام نے ایک اچھا دوست کھو دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام چین اور ایران کے درمیان روایتی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے چین اور ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری نہ صرف مستحکم رہے گی بلکہ ترقی بھی کرتی رہے گی۔