چینی صدر

چینی صدر تاجکستان کے سرکاری دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے

دو شنبہ (عکس آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ خصوصی طیارے کے ذریعے دوشنبہ پہنچ گئے ۔صدر شی جمہوریہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی دعوت پر تاجکستان کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق خصوصی طیارہ دوشنبہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا تو تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے اسپیکر اور دوشنبہ کے میئر رستم اور وزیر خارجہ محردین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شی جن پھنگ کا پرتپاک استقبال کیا۔

امام علی رحمان نے ہوائی اڈے پر شی جن پھنگ کے لیے شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔ شی جن پھنگ نے ہوائی اڈے پر ایک تحریری خطاب میں تاجکستان کی حکومت اور عوام کے لیے مخلصانہ جذبات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ کی ہوائی اڈے سے ہوٹل روانگی کے راستے میں چین اور تاجکستان کے قومی پرچم فضا میں لہرا رہے تھے۔بیرون ملک مقیم چینی شہریوں اور چینی سرمایہ کاری سے چلنے والے مقامی اداروں کے نمائندوں نے قطار میں کھڑے ہو کر چین اور تاجکستان کے قومی پرچم لہراتے ہوئے شی جن پھنگ کے دورہ تاجکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
اس سے قبل شی جن پھنگ کی آستانہ سے روانگی کے موقع پر قازق وزیر اعظم بیکتینوف اور آستانہ کے میئر کاسمبیک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں ہوائی اڈے سے الوداع کہا۔ شی جن پھنگ کے خصوصی طیارے کے اڑان بھرنے کے بعد، قازقستان کی فضائیہ کے تین لڑاکا طیاروں نے صدر شی کے طیارے کو اپنی حفاظتی حصار میں لیا ۔