کرونا وائرس

چین، نوول کرونا وائرس کے 11,791 کیسز اور 259 اموات کی تصدیق

بیجنگ(عکس آن لائن)چینی محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اب تک نوول کرونا وائرس کے 11,791 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، ہفتہ کو جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا ہے سنکیانگ کے پیداواری اور تعمیراتی کور سمیت 31 صوبائی سطح کے علاقوں میں جمعہ کے اختتام تک 11،791مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس مرض کے باعث مجموعی طور پر 259 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی صحت کمیشن(این ایچ سی)نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان میں سے 1,795مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جمعہ کے اختتام تک 17,988 لوگوں کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔مجموعی طور پر 243 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔جمعہ کو 2,102 مصدقہ نئے کیسز سامنے آئے جبکہ نئے مشتبہ کیسز کی تعداد 5,019 تھی اور 46 اموات ہوئیں، ان میں سے 45 ہلاکتیں صوبہ ہوبے میں جبکہ ایک چھونگ چھنگ میونسپلٹی میں ہوئی۔

اسی طرح جمعہ کو 268 مریض شدید بیمار ہوئے جبکہ 72 لوگوں کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا۔کمیشن نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر قریبی روابط کے 987 ,136کیسز کا پتہ چلا ہے، ان میں سے 6,509 افراد کو جمعے کے روز طبی معائنے کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ دیگر 478 ,118 افراد کو طبی زیر نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ہانگ کانگ کے خصوصی انتظامی علاقے میں جمعہ تک 13 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مکا کے خصوصی انتظامی علاقے میں 7 اور تائیوان میں 10 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں