راولپنڈی(عکس آن لائن ) درندہ صفت چچا نے 7 سالہ بھتیجی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر تے ہوئے کہا ہے کہ بھائی اور بھابی سے معافی مانگتا ہوں، معافی نہیں ملتی تو اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ائیر پورٹ کے علاقے میں بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا جس کی تفتیش کے شبے میں اس کے چچا ولی اللہ کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔سدرہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے اس کے ملزم چچا ولی اللہ کو سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزم ولی اللہ نے عدالت میں اقبال جرم کیا جس پر سول جج نے ملزم کو کچھ دیر سوچنے کا موقع دیا۔
سول جج نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو معلوم ہے کہ اس جرم میں بہت زیادہ سزا ہو سکتی ہے، جس پر ملزم نے کہا جی مجھے معلوم ہے لیکن اپنے بھائی اور بھابی سے معافی مانگتا ہوں، عدالت سے بھی معافی کا طلبگار ہوں۔ولی اللہ نے مزید کہا اگر معافی نہیں ملتی تو اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔