مریم نواز

چوہدری شوگر مل کیس، ریفرنس فائل ہونے تک مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

لاہور (عکس آن لائن ) لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی، ،عدالت نے حکم دیا کہ مریم نواز ریفرنس فائل ہونے کے بعد ٹرائل کا سامنا کریں گی۔ جمعہ کو چوہدری شوگر مل کیس کی سماعت احتساب لاہور کے جج امیر محمد خان کی سربراہی میں ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر نے استفسار کیا کہ ریفرنس کب فائل کیا جا رہا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ابھی تحقیقات چل رہی ہے، مکمل ہونے پر فائل کر دیں گے۔دوسری جانب مریم نواز کے وکیل نے ریفرنس دائر ہونے تک مریم نواز کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ایڈوکیٹ امجد پرویز نے کہا کہ نواز شریف لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر علاج کرانے بیرون ملک جا چکے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حد تک تھا۔

امجد پرویز نے کہا کہ عدالت نے درست فرمایا ہے، عدالت کا حکم نامہ ساتھ لف ہے، نواز شریف کو عدالت نے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت دی، طبعیت بہتر نہ ہونے پر مزید مہلت مل سکتی ہے۔جج نے استفسار کیا کہ مریم نواز کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر پراسیکیوشن کیا کہتی ہے؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا عدالت موقع دے تو درخواست کو تفصیلی پڑھ کر جواب جمع کراوں گا۔عدالت نے نیب ریفرنس فائل ہونے تک مریم نواز کو حاضری سے استثنی دیتے ہوئے حکم دیا کہ ریفرنس فائل ہونے کے بعد مریم نواز ٹرائل کا سامنا کریں گی

اپنا تبصرہ بھیجیں