نواز شریف

چار دہائیاں گزرنے کے باوجود کوالٹی سیڈ نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے،نواز شریف

لاہور(عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ایگریکلچر آفیسر اور فیلڈ اسسٹنٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے پائلٹ پراجیکٹ، ایوب ریسرچ سینٹر کے لئے 500 ملین روپے کا ریسرچ انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی اور ریسرچ،بہتر کارکردگی اور گڈ گورننس کیلئے محکمہ زراعت کے ذیلی اداروں کو باہم مربوط کرنے جبکہ فرٹیلائزر اور پیسٹی سائیڈ ایکٹ میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ایگریکلچر آفیسر کی بھرتی میں میرٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں ماڈل ایگریکلچر سنٹر قائم کیا جائیگا۔زرعی اصلاحات سے متعلق طویل اجلاس کے دوران پنجاب میں زراعت کو درپیش چیلنجز کاجائزہ لیا گیا اور سیکرٹری زراعت نے زرعی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ محمد نواز شریف نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار دہائیاں گزرنے کے باوجود کوالٹی سیڈ نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

پنچاب میں 37 ملین ایریا فیٹ پانی کوضائع ہونے سے بچانا ہے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ آبپاشی کے جدید طریقہ کار اپنا نا ضروری ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 7300کھا لے پکے کر نے سے 1.7 ملین ایکڑ فیٹ پانی بچایا جا سکے گا۔ اجلاس میں زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری کے لیے ریورس پمپنگ سے بارش کا پا نی زمین میں واپس ڈالنے کی تجویز پر غورکیا گیا۔ پنجاب میں ایگریکلچرل میکا نائزیشن کی شرح 35 سے 60 فیصد کرنے کیلئے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربیع اور خریف کی فصل کے لئے کاشتکاروں کو 150 روپے ارب کا قرض دیا جائیگا۔محمد نواز شریف نے کسانوں کو قرض کے لئے اہلیت کا آسان طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کوقرض کیلئے اپلائی کرنے پر جلد از جلد قرض کا اجرا یقینی بنایا جائے اورمحکمہ زراعت قرض کے اجرا کی سکیم کی مانیٹرنگ اور فیڈ بیک کا فول پروف سسٹم وضع کرے۔

اجلاس کو پنجاب میں ماڈل ایگریکلچر سنٹرز پراجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، بنک آف پنجاب اور دیگر حکام نے شرکت کی

اپنا تبصرہ بھیجیں