ہمایوں اخترخان

پی ڈی ایم کا ذاتی مفادات پر مبنی ”انقلاب ”ان کے اپنے گلے کی ہڈی بن گیا ‘ہمایوں اخترخان

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ذاتی مفادات پر مبنی ”انقلاب ”ان کے اپنے گلے کی ہڈی بن گیا ہے ،حکومت اپوزیشن کے ساتھ معیشت ، خارجہ پالیسی اور انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کیلئے تیار ہے لیکن مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے ریلیف دینے کی شرط قبول نہیں کی جائے گی ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گیارہ جماعتوں نے اتحاد بنا کر جلسوں کی صورت میں جو ”انقلاب ” بر پا کیا تھا اس کاآج کہیںنام و نشان بھی نہیں بلکہ نہ صرف نام نہاد انقلاب بلکہ اپوزیشن نے اپنی آنکھوں میں جو خواب سجائے تھے ان پر بھی اوس پڑ چکی ہے ۔ اپوزیشن کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے اور یہ اب ایسی جگہ پر ہیں جہاں آگے دیوار اور پیچھے گڑھا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کا واضح موقف ہے کہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپوزیشن سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن یہ غیر مشروط ہو گی اور کسی کرپشن کرنے والے کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی نیک نیتی اور عزم کی وجہ سے ملک کے لئے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں جبکہ مخالفین کے حصے میں سوائے ناکامیوں کے کچھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھی سر خرو ہو کر ملک کی ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں