اسلام آباد(عکس آن لائن) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے پی ٹی وی ،پارلیمنٹ حملہ کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے اب سب سے زیادہ مصروف جج میں اورشارخ ارجمند ہونے والے ہیں،ان کیسز کو جلد نمٹا لیں،اگلا دھرنا بھی آرہا ہے،پرانے دھرنے کے کیسز نمٹے نہیں،نیا دھرنا بھی آرہا ہے۔
پیر کوانسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں جج راجہ جواد عباس نے پانچ سال سے زیر التوا پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس پر سماعت کی ہے۔اس دوران جج راجہ جواد عباس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرانے دھرنے کے کیسز نمٹے نہیں ہیں اب نیا دھرنا بھی آ رہا ہے، ان کیسز کو جلد نمٹا لیں اگلا دھرنا بھی آ رہا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ملزم کارکنان کے وکیل احسن سیال کمرہ عدالت میں پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہمیں سیاسی اور عدالتی محازوں پر نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے غریب کارکنان دور دراز سے آتے ہیں پی ٹی آئی کی وجہ سے کیسز کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا۔اس موقع پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی اب حکومتی جماعت ہے لیکن اپنے موقف میں واضح نہیں لگ رہی۔
انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہد گوندل عدالت میں پیش ہوں ورنہ علیم خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دوں گا۔مزید برآں عدالت نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی،سابق وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر تعلم شفقت محمود سمیت دس ملزمان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں منظور کر لی ۔