اسلام آ باد (عکس آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے ترجمانوں کو جیل سے ملک کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں، معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لیے کھلے ہیں، صحافیوں کے حقوق کے لیے پل کا کردار ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوم برگ نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کا ذکر کیا، وزیراعظم مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے وزیراعظم دن رات کوشاں ہیں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کچھ سیاستدان اپنی سیاست کی خاطر ریاست کا نقصان کر رہے ہیں، کسی کو معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تحریک انصاف نے معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے مکروہ مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یورپی یونین کو جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کے لیےکوشش کررہی ہے، جھوٹی مہم کے ذریعے معیشت دا پر لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر گھنانی حرکت کی، پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے ملک کو نقصان پہنچانے کی ہدایت مل رہی ہیں۔ عطا اللہ تارڑ بت نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قریب تخریب کاری کی اطلاعات کے سبب ملاقاتوں پرپابندی عائدکی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں 3 کمرے، کچن اور واک کے لیے راہداری دی گئی ہے۔