اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیریں رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیریں رحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ شیریں رحمان نے کہا کہ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے بجائے ای سی پی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے، دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کر نے والوں نے خود 13 اکاﺅنٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود دعوہ کرتے رہے کہ انہوں نے ممنوعہ فنڈز نہیں لیے اور صادق و امین نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔
شیریں رحمان نے کہا کہ یہ خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے، یہاں معاملہ پیسے نا لینے کا نہیں بلکہ اربوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ لینے، 13 اکاﺅنٹس چھپانے اور مس ڈیکلیریشن کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون اور فیصلے الگ الگ نہیں ہونے چاہئے، عمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے اور جھوٹ نہ بولیں۔