علی زیدی

پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، علی زیدی

کراچی (عکس آن لائن ) پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ق)کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر غلام رضا چنہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و وفاقی وزیر علی زیدی سے گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر غلام رضا چنہ نے ملاقات کی ہے اور ڈاکٹر غلام رضا چنہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کو روایتی مفلر پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ سندھ سے سیاسی رہنما جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں ، پی ٹی آئی سندھ کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔ علی زیدی نے کہا کہ 2023 میں پی ٹی آئی سندھ حکومت بنائے گی اور بہت جلد ہم سندھ کے عوام کو زرداری مافیا سے نجات دلوائیں گے۔

علی زیدی نے بلدیاتی قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے زرداری مافیا کے کالے قانون پر سنجیدگی سے مشاہدہ کیا ہے۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں کے اختیارات دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کی یہ بڑی فتح ہے، با اختیار بلدیاتی نظام ہی ملکی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں