شہباز گل

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے، جمعہ کو عدالت پیش کیا جائے گا

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ بدھ کو شہباز گل کو تھانہ کوہسار کی پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے روبرو پیش کیا، اس موقع پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے پولیس حکام نے موقف اپنایا کہ ملزم شہباز گل سے اس کا موبائل فون برآمد کرنا ہے، ملزم جس پیپرسے دیکھ کر بول رہاتھا وہ پیپر بھی برآمد کرنا ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے، جس پر شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل نے پروگرام کسی کے کہنے پر نہیں کیا۔

اس موقع پر پولیس کی جانب سے شہباز گل کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے مخالفت کی۔ شہباز گل کے وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جائے۔

عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کچھ دیر کیلئے محفوظ کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے 14 روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شہباز گل کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، علاوہ ازیں عدالت نے انہیں جمعہ 12 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو گرفتاریاں پرچے ہوتے ہیں وہ قانون کے مطابق ہونے چاہییں۔ اس وقت میں ڈیفنس ڈسکلوز نہیں کرنا چاہتا ۔ ان پر ناقابل ضمانت دفعات لگی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک شخص کی رائے سے ادارے کی سالمیت کو فرق نہیں پڑتا ۔ مضبوط فوج پاکستان کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر عدالت کے باہر موجود پی ٹی آئی کارکنان نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں