پشاور(عکس آن لائن ) سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا اور سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز محمود خان نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے تو وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہر وقت سڑکوں پر نکلنا ٹھیک نہیں ہوتا، ورکرز کی توانائی ختم ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بات چیت کے لیے بیٹھنے کو تیار ہو تو ہماری خدمات حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کو اپنا مینڈیٹ ملا ہے، میں نے اپنی ہار انتخابات کے دن ہی تسلیم کر لی تھی۔ سابق وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ گورنر اور وزیراعلی کو اپنی کرسی کے آداب کے مطابق بات کرنی چاہیے، گورنر وفاق کا نمائندہ ہے، وزیر اعلی کی وفاق میں بات چیت کروا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشورہ ہے دونوں بیٹھ کر صوبے کے مسائل حل کریں، اگر پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے تو میں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہوں۔