مسرت جمشید چیمہ

پی ٹی آئی ،بانی چیئرمین کے بغیر پاکستان کی سیاست نا مکمل ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہے، ظلم اور جبر کی سیاہ رات کو بالآخر ختم ہونا ہے، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلہ حق سچ کی فتح ہے ، گندم کے کسان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور بانی چیئرمین مقبول ترین لیڈر ہیں اور دونوں کے بغیر پاکستان کی سیاست نا مکمل ہے ۔ ہم پر امن اور جمہوری انداز میں اپنے مطالبات قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں جنہیں پذیرائی مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا شروع دن سے مطالبہ ہے کہ 9مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو باریک بینی سے جانچ پڑتال کرکے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میں 9مئی کے روز اسلام آباد میں موجود تھی لیکن میرے اوپر لاہور اور فیصل آباد میں موجود ہونے کے الزام میں دہشتگردی کے مقدمات درج کر دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی جدوجہد کی وجہ سے عوام کو شعور ملا ہے اور آج وہ سوال کرنے کی جرات رکھتے ہیں جس کی وجہ سے حکمران ٹولہ خوفزدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کسان سے اس کی گندم کی خریداری شروع کی جائے تاکہ وہ آئندہ کی فصل کی تیاری شروع کر سکے۔