لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب آج منگل ہو گا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس آج بروز منگل کو ہو گا، اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور نے طلب کیا ہوا ہے۔ اجلاس دوپہر 2بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو گا، گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2نمائندے محسن نقوی اور مصطفی رمدے شامل ہیں، ان کے علاوہ آزاد جموں کشمیر، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں، وہ اس وقت نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔