لاہور(عکس آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پشاور میں بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نجی خبر رساں ادارے کے مطابق آئندہ سیزن میں انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل مقابلے بھی کرانے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے 4 فروری کو گورننگ بورڈ کا اجلاس پہلی بار پشاور میں ہورہا ہے جس میں ان معاملات پر مزید پیش رفت کا جائزہ لیاجائے گا۔
ذرائع کے مطابق پشاور میں پہلی بار ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز، پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کلینڈر پر تبادلہ خیال کے ساتھ اہم فیصلوں کی منظوری بھی ہوگی جب کہ بورڈ سربراہ کھیل کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اپنی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ اس سال مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہورہی ہے، لیگ کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہوگا اور فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا- کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اس سال ٹائٹل کا دفاع کرے گی-