پاکستان کرکٹ بورڈ

پی سی بی نے انگلینڈ کے خلاف سپر لیگ فکسچرز کا اعلان کردیا

کراچی(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال جولائی میں انگلینڈ اور ویلز کا دورہ کرے گی، جہاں قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔اس دورے میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔لیگ میں شامل تین ایک روزہ میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو بالترتیب کارڈف،لندن (لارڈز)اور برمنگھم میں کھیلے جائیں گے۔ 16، 18 اور 20 جولائی کو شیڈول تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچزبالترتیب نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے اس کوالیفائنگ رائونڈ میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 30 ہے جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 20، 20 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔دیگر آٹھ ٹیموں نے اب تک لیگ میں شامل اپنا کوئی بھی میچ نہیں کھیلا۔ آئی سی سی کا آئندہ ورلڈکپ سال 2023 کو اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔سال 2016 سے اب تک پاکستان کا یہ مسلسل چھٹا دورہ انگلینڈ ہے۔ سال 2016 میں پاکستان نے انگلینڈ میں کھیلی گئی .

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کی تھی۔ اگلے سال وہاں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل پاکستان نے جیتا تھا۔ سال دوہزار اٹھارہ میں وہاں کھیلی گئی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی پاکستان نے 1-1 سے برابر کی تھی۔ سال 2019 میں پاکستان نے وہاں کھیلے گئے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں شرکت کی تھی۔ رواں سال بھی انگلینڈ نے اپنے سمر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی تھی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاکہ سال 2016 سے اب تک پاکستان کرکٹ ٹیم ہر سال انگلینڈ کا دورہ کررہی ہے، اب تو انگلینڈ اور ویلز ہمیں اپنے دوسرے گھر کی طرح لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ ان دوروں سے ہمیں اپنی صلاحیتوں اور مہارت میں بھی بہتری لانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ورلڈچیمپئن اور ایک روزہ عالمی رینکنگ میں پہلے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے، لہذا ایسی ٹیم کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے نہ صرف ہم سپر لیگ میں اپنے پوائنٹس بہتر کرسکتے ہیں بلکہ ہماری وائیٹ بال کرکٹ میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے ہماری رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی۔بابراعظم نے کہا کہ بلاشبہ انگلینڈ نے ماضی میں بہت بہترین کھلاڑی تیار کیے ہیں .

اور وہ اس کی جھلک ان کی کارکردگی میں بھی نظر آتی ہے مگر ہمیں ورلڈکپ میں براہ راست رسائی اور اس طرز کی کرکٹ میں اپنی رینکنگ بہتر کرنے کے لیے مضبوط ٹیموں کو شکست دینا ہوگی، مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ وہ بڑی ٹیموں کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی۔ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں فی الحال پاکستان کا چھٹا اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔شیڈول کے مطابق 8 جولائی کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، صوفیہ گارڈنز، کارڈف، دوسراون ڈے 10جولائی کو لارڈز،تیسراون ڈے 12 جولائی کو ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلاجائے گا۔ شیڈول کے مطابق 16 جولائی کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، ٹرینٹ برج، نوٹنگھم دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہیڈنگلے، لیڈز میں18 جولائی اور تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹرمیں20جولائی کوکھیلاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں