لاہور(عکس آن لائن) پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور ہاشم آملہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے گن گانے لگے، ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل5 میں شرکت کا تجربہ یادگار رہا، آئندہ بھی جانا پسند کروں گا، سابق جنوبی افریقی کرکٹرکا کہنا ہے کہ محمدیوسف، یونس خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کو ایکشن میں دیکھ کر رشک کرتا تھا،کیریئر میں محمد آصف سے بہتر بولر نہیں دیکھا۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں 37 سالہ ہاشم آملہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد کا فیصلہ بڑا خوش آئند تھا،
میرا ایک خوبصورت ملک پاکستان میں بطور مینٹور پشاور زلمی کام کرنے کا تجربہ بھی شاندار رہا،لیگ کا ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار رہا، امید ہے کہ ایونٹ آگے چل مزید بہتر اور شائقین کیلیے پر کشش بنے گا، غیر ملکی کرکٹرز نے بھی پاکستان میں قیام کا بھرپور لطف اٹھایا، مجھ سمیت تمام کھلاڑی بڑی خوشی سے دوبارہ وہاں جاکر پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں گے۔ایک سوال پر ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان کا کرکٹ کی دنیا میں ہمیشہ ایک خاص مقام رہا ہے، میں محمد یوسف، یونس خان، وسیم اکرم اور وقار یونس کو ایکشن میں دیکھ کر ان لوگوں کی کارکردگی اور شہرت پر رشک محسوس کرتا تھا، پی ایس ایل 5 میں وسیم اکرم اور مشتاق احمد سمیت کئی بڑے ناموں کو کام کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ہاشم آملہ نے محمد آصف کو اپنے کیریئر کا بہترین بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان جیسا نپی تلی بولنگ کرنیوالا پیسر نہیں دیکھا، خاص طور پر وہ نئی گیند سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے، گیندکو ہلکا سا اندر یا باہر موو کرتے تو بیٹسمین کو کھیلنا پڑتی اور آؤٹ ہونے کا خطرہ موجود رہتا،محمدآصف کا گیند پر کنٹرول حیران کن تھا، سعید اجمل بھی ایک شاندار بولر تھے لیکن کبھی کبھار ان پر حاوی ہونا آسان بھی ہو جاتا۔