کراچی(عکس آن لائن)پی ایس ایل 6سے قبل پہلا پریکٹس میچ بیٹسمینوں کا شو ثابت ہوا۔پی ایس ایل6 کی تیاریوں میں مصروف ٹیموں کے پریکٹس میچز کا آغاز ہوگیا، پہلے مقابلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7وکٹ سے شکست دیدی۔نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ پر لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں 4 وکٹ پر181 رنز بنائے، اوپنر ٹام ابیل صرف 9رنز بنا سکے، بین ڈنک نے 26 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فخر زمان نے39 بالز پر 42 رنز بنائے،احمد دانیال نے 31 اور سمت پٹیل نے 29 رنزناٹ آئوٹ بنائے، ذیشان اشرف 13پر ناٹ آوٹ رہے، سہیل تنویر نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، صہیب اللہ اور صہیب مقصود ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ملتان سلطانز نے ہدف 3وکٹ پر 17.5اوورز میں ہی حاصل کرلیا،شان مسعود 29گیندوں پر 46کی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوئے، صہیب مقصود نے42رنز کیلیے 33گیندوں کا استعمال کیا،خوشدل شاہ 20گیندوں پر41رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے،رائلی روسو نے 23بالز پر 37رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کی ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے،اس دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رہا،کھلاڑیوں نے باونڈری کے قریب اونچے کیچز تھامنے کی خصوصی پریکٹس کی، کوچ اور کپتان ممکنہ کمبی نیشن کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کرتے رہے۔