کراچی (عکس آن لائن)فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر خوش ہوں، خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے بہترین بولر بنوں اور لاہور قلندرز کی جیت میں اپنا کردار ا دا کرؤں۔عثمان شنواری نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اس بار پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہے ہیں، اس سے پہلے کراچی کنگز کے ساتھ بھی اچھا وقت گزرا اور اب نظریں لاہور کو کامیابی دلوانے پر مرکوز ہے۔
عثمان شنواری اس سیزن کراچی کنگز سے لاہور قلندرز ٹرانسفر ہوئے ۔ایک سوال پر فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے بہترین بولر بنیں ، انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ ایک تجربہ کار کپتان ہیں، ان کی قیادت میں اچھا کامبی نیشن بناکر لاہور قلندرز ٹائٹل حاصل کرسکتی ہے۔عثمان شنواری نے لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ لاہور قلندرز کا یہ پروگرام قابل تعریف ہے کہ جس کے تحت نہ صرف نوجوان پلیئرز کو تلاش کیا جاتا ہے بلکہ ان کو بھرپور موقع بھی دیا جاتا ہے۔
16 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل اور 17 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عثمان شنواری نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل میں ایسی کارکردگی دکھائیں کہ لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد ٹورنامنٹ میں ہنستے مسکراتے ہی دکھائی دیں۔