لاہور( عکس آن لائن )ضلعی انتظامیہ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ، پی آئی سی حملے میں تقریباً 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وکلا کے حملے میں 10 کارڈیک مانیٹرز، 4 ایکومشین، 3 وینٹی لیٹرز اور 15 ٹیلیفون توڑے گئے۔
ہسپتال کے داخلی اور خارجی دروازوں اور 2 واک تھرو گیٹس کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ 4 دروازوں اور 6 کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے۔ ایمرجنسی میں انفارمیشن کاؤنٹرز، کھڑکیاں اور کمپیوٹرز کو نقصان پہنچایا گیا، وکلا ء نے شیشے کے دروازوں اور 6 پودوں کو نقصان پہنچایا۔وکلا کے حملے میں جیلانی بلاک کے داخلی دروازے اور سسٹر کیبن کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ 16 گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے اور 2 گاڑیاں مکمل تباہ کی گئیں۔