لاہور(عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلینگ ملتا ہے تو ہم اچھا خاصا سر پرائز دیں گے ، ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اگر پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ، میں سمجھتا ہوں کسی جماعت کا پیپلز پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی بیروزگاری اور غربت سے ہے اور وعدہ ہے ہم مل کر محنت کریں گے اور ملک کے مسائل کا حل نکالیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی کی دیرینہ کارکن زبیدہ شاہین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسلم گل ، عزیز الرحمن چن اور دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہاں آکر بہت اچھا لگا ،پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں ہی رکھی گئی اور ہمارا محنت اور کوشش ہو گی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے اسی زور و شور سے محنت کریں تاکہ پنجاب کے غریب عوام کو وہ حق دیا جائے جو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے دیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر ہے ،اس شہر کے ساتھ ملک کے عوام بھی مشکل اور تکلیف میں ہیں، اگر پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو ہم مسائل حل کریں گے اور ہماری تاریخ بھی یہی رہی ہے ،پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آئی ہے اس نے مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں میں سمجھتا ہوں کوئی سیاسی جماعت ہماری مخالف نہیں ہے ، کسی کا پیپلز پارٹی سے مقابلہ نہیں ہے ،
پیپلز پارٹی کا اگر کوئی مقابلہ ہے تو وہ مہنگائی ،بیروزگاری اور غربت سے ہے ، وعد ہے ہم اس شہر کے عوام کے ساتھ مل کر محنت کریں گے اور آپ کے مسائل کا حل نکالیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں انقلابی پروگرام دیا جس سے ملک کی غریب ترین عورتوں کو ریلیف ملا مہنگائی اور غریب سے تحفظ ملا ،اسی طریقے سے نوجوانوں ،مزدوروں اورکسانوں کے لئے کارڈ بنانا چاہتا ہوں جس سے ان کو ریلیف پہنچا سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بلوچستان کے ساتھ پورے پاکستان میں سرپرائز دیں گے ، ہم محنت کر رہے ہیں ، اگر پیپلز پارٹی کو لیول پلینگ فیلڈ ملتا ہے تو ہم پنجاب میں اچھا خاصا سرپرائز دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دروازے ہر کسی کے لئے کھلے ہیں، ہم ڈائیلاگ کے لئے دروازے کھلے رکھتے ہیں،ملک اس وقت جو حالات ہیں ، جب پولرائزیشن ،نفرت اورتقسیم کی سیاست عروج پر ہے ہمیں اس بخار کو توڑنا پڑے گا ،سب کو ساتھ ملا کر ملک کے عوام کے مسائل کا حل نکالنا پڑے گا یہی یہ ہمارا نظریہ اور سوچ ہے اور اس کے تحت کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہوں گا ،
کیونکہ اس وقت ملک کے جو مسئلے ہیں جس طرح کے معاشی بحران سے گزر رہے ہیں تاریخ میں اتنا بڑا معاشی بحران کبھی دیکھا ، اس سے نکلنے کے لئے ہمیں نئے قدم اٹھانا پڑے گا ، روایتی سیاست کو چھوڑنا پڑے گا ، جس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو عروج پر لے جایا گیا ہے اس کو چھوڑ کر اپنی سمت کا تعین کرنا پڑے گا۔