لاہور(عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
شوکاز نوٹس پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کی جانب سے جاری کیا گیاہے اور ان سے7 روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب طلب کیا گیا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی اجازت کے بغیر آپ کسی اور جماعت کے سربراہ کا دفاع کر رہے ہیں، وکلا ء کی تقریب میں آپ نے سائفر معاملے پر ریاستی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
نوٹس میں لطیف کھوسہ سے استفسار کیا گیا ہے کہ بتائیں کہ کیوں نہ آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے؟ جواب نہ دینے کی صورت میں آپ کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے گی۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لطیف کھوسہ پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر ہیں لیکن وہ پارٹی کی سینئر قیادت سے اجازت کے بغیر دوسری جماعت کا دفاع کررہے ہیں۔