بلاول بھٹو زر داری

پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کیلئے جدوجہد کی معمار ہے، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی معمار ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے 53 ویں یوم تاسیس پر کہاکہ پارٹی قیادت و کارکنان نے جمہوریت اور مضبوط پاکستان کی خاطر آمروں اور ان کی باقیات کا مقابلہ کیا،قیادت و کارکنان نے مختلف ہتھکنڈوں، تشدد، قید و شہادتوں کا جرئت سے سامنا کیا،پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی معمار ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی جمہوریت، انسانی حقوق اور مساوات کی بھی علمبردار ہے۔

انہوںنے کہاکہ پی پی پی عوام کی مرضی کے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میں شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بطور جانشین ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا ذمہ دار ہوں،یہ مشن پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ مل کر اور پورے عزم و استقلال کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یوم تاسیس کے عظیم الشان جلسہ عام سے پہلے ہی جیالوں کے خلاف دہونس دھمکیاں، گرفتاریاں اور تشدد کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کارروائیوں نے ثابت کردیا کہ سلیکٹڈ حکومت در حقیقت آمریت کا ایک جیتا جاگتا نمونہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پانچ دہائیوں سے آمروں کے خلاف جنگ لڑی ہے،پارٹی اپنے اس سفر کے دوران عوام کی غیر متزلزل حمایت سے آمروں کو شکست سے ہمکنار کرتی رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اب سلیکٹڈ کی باری ہے کہ وہ شکست کا مزہ چکھیں اور اپنے پیش روَں کی طرح ہمیشہ کے لئے سیاسی قبرستان میں دفن ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے آج ملتان میں یوم تاسیس کے جلسہ عام میں پی ڈی ایم کی پوری قیادت کو مدعو کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج ہر جمہوریت پسند کارکن سلیکٹڈ حکومت کے ہتھکنڈوں، تشدد اور گرفتاریوں کے باوجود پنڈال میں پہنچے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری ملتان کے عظیم الشان جلسہ عام میں میری نمائندگی اور پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کررہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنی سابقہ قیادت کی جدوجہد کو عزم و ولولے کے ساتھ جاری رکھے گی۔انہوںنے کہاکہ ملک کی پسی ہوئی عوام کے لئے قربانیاں دینا وہ سبق ہے جو ہم نے اپنی بہادر قیادت سے سیکھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہماری وہ قیادت جس نے اپنی جانوں کے نذرانہ تو پیش کردیئے لیکن اپنے مشن پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں