گانچھے (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلتستان میں اپنی حکومت بنانے کے بعد نمائندے قومی اسمبلی بھیجے گی اور وعدے پورے کرے گی، کب تک گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اسلام آباد تک نہیں جائے گی، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ جو آپ کی آواز نہیں سنتے وہ مسائل کیا حل کریں گے۔
جمعرات کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے گانچھے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گانچھے کو ضلع کا درجہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا لیکن ضیاءآمر نے ختم کیا اور پھر سے بے نظیر بھٹو نے گانچھے کو ضلع بنایا تھا، گانچھے بھٹو کاضلع ہے اور تاریخی 2020کا الیکشن مہم گانچھے سے شروع کر رہے ہیں،2018کے منشور پر الیکشن لڑ رہے ہیں، منشور کو پورے پاکستان میں لے گیا تھا اور آج گلگت بلتستان میں لایا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بھٹو کانواسہ ، بے نظیر کا بیٹا ہوں کوئی کھلاڑی نہیں ہوں کہ یوٹرن لوں، میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں ہوں کہ اپنے وعدے سے مکر جاﺅں، جو2018کا وعدہ تھا آج وہی 2020کا وعدہ ہے، پیپلز پارٹی بلتستان میں اپنی حکومت بنانے کے بعد نمائندے قومی اسمبلی بھیجے گی اور وعدے پورے کرے گی، کب تک گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اسلام آباد تک نہیں جائے گی، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ جو آپ کی آواز نہیں سنتے وہ مسائل کیا حل کریں گے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ جب عوام کا حق چھینا جاتا ہے تو پیپلز پارٹی سامنے کھڑی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کی تباہی وہ لوگ کرنا چاہتے ہیں جو دیگر صوبوں میں کی ہے، خیبرپختونخوا میں کیا تباہی ہوئی ہے، پنجاب میں بھی تباہی کردی ہے، ہمیں گلگت بلتستان کو بچانا ہے، ظالم سلیکٹڈ حکومت نے سب کو تباہ حال کر دیا ہے، ہم نے اس کو تباہ ہونے سے بچانا ہے، میں اور آپ مل کر صوبے کی تقدیر بدلیں گے اور جمہوریت ہی بہترین نظام ہے