اسلام آباد (عکس آن لائن)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے‘کوروناکی وجہ سے نجی ہسپتال میں کئی روزسے وینٹی لیٹرپرتھے‘سینیٹر رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں‘میثاق جمہوریت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا“2008 سے 2013 تک وفاقی وزیر داخلہ رہے‘ 2007 میں بے نظیر بھٹو کے سیکیورٹی چیف بھی رہے‘ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا‘
صدر ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیر اعظم عمران خان ‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘سابق صدر آصف زرداری ‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘وزیر داخلہ شیخ رشید ‘ احسن اقبال سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
رحمان ملک کے پھیپھڑے کوروناکی وجہ سے متاثر ہوئے تھے اور رحمان ملک نجی اسپتال میں کئی روزسے وینٹی لیٹرپرتھے۔
2008 سے 2013 تک وفاقی وزیر داخلہ رہنے والے سینیٹر رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔ رحمان ملک کو بینظیر بھٹو کے بہت قریب سمجھا جاتا تھا اور انہوں نے میثاق جمہوریت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ یونیورسٹی آف کراچی نے رحمان ملک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی تھی ۔ رحمن ملک کو ان کی ملک و قوم کی بہترین خدمات انجام دینے پر ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔دوسری جانب ملک کے سیاسی قیادت نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ‘ وزیر اعظم عمران خان ‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘سابق صدر آصف زرداری ‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘وزیر داخلہ شیخ رشید ‘ احسن اقبال سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھی سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ، مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری نے رحمان ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔