سکھر(عکس آن لائن)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک کو کسی طرح بھی ڈیفالٹ نہیں ہونے دے گی ، آئندہ انتخابات اکیلے لڑیں گے یا پی ڈی ایم کے ساتھ اتحاد میں اس کا فیصلہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ مودی کے خلاف بلاول بھٹو کے بیان کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت مودی نے بھارت میں مسلم اقلیت کے قتل عام کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے ،آئی ایم ایف کی شرائط کوئی نئی بات نہیں ،بین الاقوامی مالیاتی سامراج نے ہمیشہ ترقی پذیر ممالک کو کسی نہ کسی طرح غلام بنا کر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔
انہوںنے کہاکہ اگرآج محترمہ بینظیر بھٹو شہید زندہ ہوتیں تو شاید ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی کیونکہ محترمہ بینظیر بھٹو تمام طبقات کو ساتھ لیکر چلتی تھیں ،انہوں نے ہمیشہ کراچی تا خیبر اور لاہور تا کوئٹہ قوم کو یکجا رکھا اور کبھی تقسیم کی سیاست نہیں کی مگر آج پھر تقسیم کی سیاست کی وجہ سے دہشتگردی کی لہر دوبارہ سر اٹھا رہی ہے ،محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پالیسی کی آج ملک کو اشد ضرورت ہے ۔رضا ربانی نے کہاکہ 27 دسمبر ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔