اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔
فناس ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور شرح مبادلہ میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14.91 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 18.44 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار 300 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 305.36 روپے ہو گئی ہے جبکہ فی لیٹر ڈیزل 311.84 روپے میں دستیاب ہو گا۔اس سے قبل 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کردیا تھا۔