لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمامحمداویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے سے پہلے سے پسے ہوئے طبقے کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اس لئے حکومت اسے فی الفور واپس لینے کا اعلان کرے، نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوںکے ٹائرز پر بھاری ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جس سے اخراجات مزید بڑھ جائیں گے ،حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں انتہائی چالاکی سے بہت سے شعبوںپر ٹیکسز او رمہنگائی کا بوجھ لادھ دیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عوام کوآج تک پیٹرولیم کی قیمتوں کے تعین کا فارمولہ سمجھ نہیں آجا سکا جسے شفاف بنانے کی ضرورت ہے ،پیٹرولیم کی قیمتوں کے تعین کا فارمولہ صرف عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنا ہے،
حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم کی قیمتوں کو 2018ء کی سطح پر واپس لا کر انہیں کم از دوسال کے لئے منجمد کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے مالی سال میں ٹائروں پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرانسپوٹرز پہلے ہی اپنے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہے ، مطالبہ ہے کہ اس ٹیکس پر بھی نظر ثانی کی جائے اور اسے واپس لیا جائے ، مہنگائی کی وجہ سے اخراجات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ ٹرانسپورٹرز کے لئے گاڑیوں کے اخراجات اور عملے کی تنخواہیں پوری کرنامشکل ہوگیا ہے ۔محمد اویس چوہدری نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ہر طبقہ شدید مشکلات کا شکارہے اوران کے اندر لاوا پک رہا ہے جو کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے ۔