لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویدار وں نے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے ،حیرانی اس بات کی ہے کہ جو دہائیوں سے حکومتیں کرتے چلے آرہے ہیں وہی ملک کے مشکل حالات کا رونا بھی رو رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے ، معاشی اشاریے خطرے کی نشاندہی کر رہے ہیں ، ہم آئی ایم ایف سے نئے قرض کے لئے کشکول پھیلائے ہوئے ہیں لیکن حکومتی ترجمان پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
آج عوام کی حالت اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ اگر وہ روٹی کھاتے ہیں تو بجلی کے بل نہیں دے سکتے اور اگر بجلی کے بل دیتے ہیں تو روٹی نہیںکھا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ہو گی ملک کے حالات میں کبھی سدھار نہیں آ سکتا، پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔