پینٹاگون

پینٹاگون کا یوکرین میں روسی نقل و حرکت کو پسپائی قرار دینے سے گریز

واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے یوکرین میں فوجی آپریشن کو کم کرنے کے روسی دعوے پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ کیف کے گرد روسی نقل و حرکت پسپائی نہیں کہلائی جاسکتی۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے پریس سیکریٹری جان کربی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمارا یقین ہے کہ یہ نقل و حرکت پسپائی نہیں بلکہ محض فوج کی جگہ بدلنے کی کوشش ہے۔کربی کے مطابق ہم ابھی دیکھ رہے ہیں کہ روسی فوج کی جانب سے واپسی کے اعلان کے بعد ایک قلیل تعداد کیف سے دور جا رہی ہے۔

کربی نے بتایا کہ روس کیف پر قبضے کے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے مگر ساتھ ہی خبردار کیا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔امریکی عہدیدارکے مطابق ہمارے خیال میں روسی فوج کسی اور محاذ پر لڑائی کے لئے فوج کی نقل و حرکت کر رہی ہے اور یوکرین کے دیگر علاقوں پر روسی جارحیت بڑھ سکتی ہے۔علاوہ ازیں پینٹاگون نے اعلان کیا کہ امریکی فوج 10 ایف 18طیارے اور 200 سے زائد فوجی لیتھوانیا میں تعینات کر رہی ہے ۔ اس سے قبل گزشتہ روز امریکا نے چھ گرائولر جنگی طیارے جرمنی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں